صوبائی حکومت کا سکولوں میں پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈے منانے کا اعلان

پیر اپریل 13:38

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا حکومت نے 2017 ء میں دوسری اور پانچویں جماعتوں کے جائزہ امتحانات میں مایوس کن کارکردگی کے بعد سرکاری سکولوں میں ہر ماہ کے آخری ورکنگ ڈے پر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈے منانے کا اعلان کیا ہے جس میں اساتذہ کوتربیت دی جائیگی، محکمہ تعلیم کے مطابق محکمہ تعلیم اور پائٹ پشاور کی جانب سے پرائمری اساتذہ کوتربیت دی جائیگی جس کیلئے ڈیویلپمنٹ پروفیشنل کنٹنیوس (سی پی ڈی)پروگرام شروع کیا گیا،پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے تمام پرائمری اساتذہ کوتربیت دینے کیلئے ماسٹرٹرینرز کو تربیت دی گئی جو کہ تمام پرائمری اساتذہ کوتربیت دینگے ،صوبہ بھر کے پرائمری اساتذہ کوتربیت دینے کیلئے آٹھ ماہ تک ہر مہینے کے آخری ورکنگ ڈے پر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈے منایا جائیگا، اس دن تمام پرائمری سکولوں کی چھٹی ہوگی اور اساتذہ یہ تربیت حاصل کرینگے،پرائمری سکول کے ہیڈ ٹیچر اپنے اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اے ایس ڈی اوز کواجلاس میں کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔