صبر سے کام لیں،

جانتے ہیں آپ کتنی تکلیف میں ہیں، سربراہ واٹر کمیشن فراہمی و نکاسی آب کمیشن کی سماعت کے دوران کے الیکٹرک کے نمائندے ،مختلف علاقوں سے شہری اورایم ڈی واٹر بورڈ کمیشن میں پیش

پیر 23 اپریل 2018 14:16

صبر سے کام لیں،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) سربراہ واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے کراچی کے شہریوں سے کہا ہے کہ صبر سے کام لیں، جانتے ہیں آپ لوگ کتنی تکلیف میں ہیں۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں فراہمی و نکاسی آب کمیشن کی سماعت ہوئی جس کے دوران کے الیکٹرک کے نمائندے ،مختلف علاقوں سے شہری اورایم ڈی واٹر بورڈ کمیشن میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر پیش ہونے والے شہری واٹر بورڈ حکام پر برس پڑے شہریوں نے واٹربورڈ حکام اور دیگر پر پانی چوری کے الزامات عائد کیے۔سربراہ فراہمی و نکاسی آب کمیشن جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ صبر سے کام لیں، جانتے ہیں کہ آپ لوگ کتنی تکلیف میں ہیں، کئی سال کا بگاڑ ایک دن میں حل نہیں ہو سکتا، ہم آپ کے گھروں میں پانی پہنچا کر رہیں گے۔

(جاری ہے)

سائٹ ایسوسی ایشن کے وکیل کمیشن میں پیش نہیں ہوئے جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر عدالت میں پیش ہوئے۔کمیشن نے نمائندہ کے الیکٹرک سے استفسار کیا کہ کیا آپ آئین سے بالاتر ہیں آپ نے آراو پلانٹس کی بجلی کیوں منقطع کی ۔انہوں نے کہا کہ سیوریج کے پانی کے اوپر سے بجلی کے تار جا رہے ہیں، شارع فیصل پر فٹ پاتھ پر کیبل جارہے ہیں،شہر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں،بتائیں دنیا میں ایسا سسٹم کہیں اور ہی ۔

سربراہ کمیشن نے کہا کہ آپ کھمبوں سے تاریں کاٹ کر روڈ پر چھوڑ کر چلے گئے ہیں،کیا فٹ پاتھ پر اس طرح کیبلز چھوڑنے کی اجازت ہی جو اس کا ذمے دار ہے اسے بلائیں۔فوکل پرسن کی جانب سے کہا گیا کہ ضلع غربی میں پانی کی جو خراب صورت حال ہے ویسی کہیں نہیں۔ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہ کہ ضلع غربی میں ہمارا بھی سسٹم ہے۔ سربراہ کمیشن نے کہا کہ آپ کا سسٹم تباہی کے دہانے پر ہے۔

فوکل پرسن نے کہا کہ پانی فراہمی کیلیے ضلع غربی کے مقامی لوگوں کی کمیٹیاں بنا دیں گے۔بلدیہ ٹائون کے ایک رہائشی نے بتایاکہ بلدیہ ٹائون میں لائنزبچھی ہوئی ہیں لیکن 12سال سے پانی نہیں آ رہا، ہمارے گھروں کے قریب ہائیڈرنٹ ہے جہاں پانی فروخت ہوتا ہے،رات رات بھر لوگ پانی کا انتظار کرتے ہیں۔ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو دیکھتے ہیں،کچھ ٹیکنیکل مسائل بھی ہیں۔سربراہ کمیشن نے استفسار کیا کہ جب لائن ڈالی تھی تو تب آپ نے یہ نہیں دیکھا تھا ۔سربراہ کمیشن جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے بلدیہ ٹائون میں پانی کی عدم فراہمی پر ایم ڈی واٹر بورڈ سی2دن میں جواب طلب کرلیا۔