ہندوستان کی پالیسی ہے کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جائے‘طارق محمود قریشی

پیر 23 اپریل 2018 15:02

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) نائب صدر مسلم لیگ(ن)ضلع جہلم ویلی طارق محموقریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کر رہا ہے ہندوستان کی پالیسی ہے کہ کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جائے اس لیے آج ہمیں عالمی برادری کو بتانا ہے کہ اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں کی روشنی میں آج کشمیری اپنے پیدائشی حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی پرامن جدوجہدکو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور مقبوضہ کشمیر کے بھارتی چنگل سے آزادی کے لیے آزادکشمیر اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متفق و متحد ہیں اور آج وہ یک زبان ہو کر اقوام عالم کی توجہ اس دیرینہ مسئلہ کے حل کی جانب مبذول کروارہی ہیں۔ کشمیر ی اور پاکستانی ایک ہیں لہذا پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی بھی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان کو مقبوضہ کشمیرکی آزادی اور مسئلہ کشمیر کے حل کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔