ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی اور سردار ادریس کے حامیوں نے ایک تقریب کے دوران ایک دوسرے پر اسلحہ تان لیا

پیر اپریل 15:07

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس کے حامیوں نے ایک مقامی ہوٹل کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک دوسرے پر اسلحہ تان لیا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کالا پانی میں ممبر ضلع کونسل ملک صفدر اعوان کے ہوٹل کی افتتاحی تقریب تھی، اس دوران رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون، سردار محمد ادریس، ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی نے رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس پر سرعام الزام لگایا کہ تم نے سینٹ کا ووٹ بیچا ہے جس پر سردار ادریس اور سردار وقار نبی میں توں تکرار شروع ہو گئی اور انہوں نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

اس دوران سردار ادریس کے حمایتیوں نے اسلحہ نکال لیا اور تصادم شرو ع ہو گیا تاہم رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون نے بہت مشکل سے تمام لوگوں کو کنٹرول کیا۔

ڈاکٹر اظہر جدون کی کوششوں کے بعد دونوں گروپوں کے حامیوں نے خاموشی اختیار کر لی۔ واضح رہے کہ ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی حلقہ پی کے 37- سے سردار ادریس کے مقابلہ میں الیکشن لڑنے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور وہ سردار ادریس کو نیچا دکھانے کیلئے کوئی بھی موقع جانے نہیں دیتے۔