شیخ رشید درخواست:

نامزدگی فارم میں تبدیلی کرتے ہوئے پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن سے مشاورت نہیں کی:وکیل درخواست گزار

پیر 23 اپریل 2018 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی الیکشن ایکٹ 2017 میں امیدواروں کے نامزدگی فارم میں کم معلومات دینے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی ۔ فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پارلیمنٹ نے ترمیم کر کے اپنے ٹیکس اور کریمنل کیسز کی معلومات نہ دینے کی قانون سازی کر دی ۔

اس حوالے سے نامزدگی فارم میں تبدیلی کرتے ہوئے پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن سے مشاورت نہیں کی۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اس کو کیسے واپس لیا جا سکتا ہے ۔ پارلیمنٹ الیکشن کمیشن سے پوچھ کر تو قانون سازی نہیں کریں گی۔ قانون سازی کے باوجود الیکشن کمیشن کسی سے بھی معلومات طلب کر سکتا ہے ۔ بعدازاں استفسار کیا کہ اگر پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کو مزید معلومات لینے سے روکا ہے تو وہ بتائیں جس پر شیخ رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہماری استدعا ہے کہ فارم تیار کیا گیا ہے وہ قانون کے مطابق نہیں بعدازاں عدالت کے الیکشن ایکٹ 2017 کے فارم کو چیلنج کئے جانے کے حوالے سے مزید سماعت 24 اپریل تک کے لئے ملتوی کر دی ۔ ۔