واجد ضیا ء کی عدم حاضری ،ْالعزیزیہ ریفرنس سماعت ملتوی

پیر 23 اپریل 2018 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت (آج) منگل تک ملتوی کردی گئی۔ نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں۔

(جاری ہے)

معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واجد ضیاء پر جرح کے لیے میں موجود ہوں جس پر جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ واجد ضیاء کہاں ہیں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ غیر حاضر ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ڈی جی نیب ظاہر شاہ عدالت میں موجود ہیں، ڈی جی نیب سے معاون وکیل بیان لیں جس پر معاون وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ ڈی جی نیب کو دن 2 بجے طلب کیا تھا، خواجہ حارث بھی دن دو بجے آئیں گے۔ معاون وکیل نے کہا کہ اگر واجد ضیاء نہیں آئے تو صاف بتائیں، عدالت کا وقت ضائع نہ کریں، عدالت نے واجد ضیاء کی عدم پیشی پر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔