Live Updates

بے اصولی کی سیاست کرنے والے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے

سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے شفاف انداز میں ووٹ دیا ، عمران خان تیر کے نشان کو ووٹ دینے کے حوالے سے قوم کو بتائیں مسلم لیگ (ن) کے قائد ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو

پیر 23 اپریل 2018 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے کہا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں تیر کے نشان کو ووٹ دینے کے حوالے سے قوم کو بتائیں، بے اصولی کی سیاست کرنے والے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے، تبدیلی ہمیشہ اصولوں سے آتی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ریمارکس بڑے بامعنی ہیں، بے اصولی کی سیاست کرنے والے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے، تبدیلی ہمیشہ اصولوں سے آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے ہی شفاف انداز میں ووٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جماعت کے صوبائی ارکان اسمبلی کی ووٹ فروخت کرنے پر سرزنش کی ہے، عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ دینے کے حوالے سے جو حکم دیا انہیں اپنی بھی سرزنش کرنی چاہئے اور انہیں قوم کو چوہدری سرور کے بارے میں بھی بتایا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات بھی سامنے آنی چاہئے کہ کراچی کیلئے دیئے گئے اربوں روپے کس نے ہڑپ کئے۔ نواز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کی صحت قدرے بہتر ہے، قوم سے ان کی صحت کیلئے دعا کی اپیل ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات