چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کی اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ جے محمد سے ملاقات، ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی ماروی میمن کے وژن کی تعریف

ماروی میمن نے غریب خاندانوں کو ماحولیات، خوراک اور سکیورٹی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے سماجی نظا م میں شمولیت کیلئے یو این سسٹم میں سوشل سیفٹی نیٹ کو منسلک کرنے کی تجویز پیش کی

پیر 23 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ جے محمد سے آج ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ماروی میمن عالمی بینک کی 'سپرنگ میٹنگز'میں شرکت کرنے کیلئے امریکہ میں موجود ہیں۔ محترمہ آمنہ جے محمد یو این سسٹم کے سیکرٹری جنرل کے بعد دوسرے بڑے عہدے پر فائز ہیں اور انسانی ترقی کے حوالے سے 35 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھتی ہیں۔

ملاقات میں ماروی میمن نے غریب خاندانوں کو ماحولیات، خوراک اور سکیورٹی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے سماجی نظا م میں شمولیت کیلئے یو این سسٹم میں سوشل سیفٹی نیٹ کو منسلک کرنے کے تصور کی تجویز پیش کی۔ اس طرح، مختلف ممالک کے سوشل سیفٹی نیٹس سے متعلق کام کو معلوماتی اشتراک کیلئے یکجا کیا جاسکتا ہے تاکہ ایک موثر انداز میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ، بی آئی ایس پی اپنی بین الاقوامی تسلیم شدہ کامیابیوں کے ہمراہ مہارت اور خدمات کی پیشکش کرنے کا خواہشمند ہوگا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کیلئے بی آئی ایس پی تجربات پر مبنی معلوماتی پورٹل بنانے کی تجویز پیش کی۔ ماروی میمن نے وضاحت کی کہ بہت سے ممالک سوشل سیفٹی نیٹ پروگرام چلانے کے ساتھ ساتھ جی ڈی پی پر ایک مخصوص تناسب سے خرچ کر رہے ہیں۔

یو این اس خلاء کو پُر کرسکتی ہے اور تمام سوشل سیفٹی نیٹس کو پائیدار ترقیاتی اہداف سے منسلک کرتے ہوئے دنیا کو ایک قیادت مہیا کرسکتی ہے تاکہ انسانی سرمائے اور وسائل کے ضیاع سے بچا جاسکے۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے ماروی میمن کے وژن کی تعریف کی اور ای ایس سی اے پی(اکنامک اینڈ سوشل کمشن فار ایشیاء پیسیفک) کی طرح اقوام متحدہ میں فورم یا اشتراکی نظام کی تخلیق کی تجویز کا خیر مقدم کیا، تاکہ سوشل سیفٹی نیٹس کے ذریعے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مختلف اقوام کی کوششوں سے فائدہ حاصل کیا جاسکے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے غربت کے خاتمے اور خواتین کی بااختیاری کیلئے کی جانے والی کاوشوںپر ماروی میمن کے کردار کی تعریف کی جس کے تحت خواتین قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اہل ہوںگی۔ محترمہ آمنہ جے محمد نے خواتین کے خلاف تشدد اور آفات کے دوران ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے کام کی تعریف کی۔ماروی میمن نے انکی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز پر دلچسپی اور رضامندی ظاہر کرنے پر اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔