وزیراعلی سندھ کی کاوشیں بالآخر رنگ لائیں، سندھ کا مقدمہ لڑنے میں سرخرو

وزیراعلی سندھ کی کراچی کی عوام کو مبارکباد، طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل

پیر اپریل 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی وفاق کو مسلسل تین خطوط لکھنے کی کاوشیں بالآخر رنگ لائیں اور کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر سندھ کا مقدمہ لڑنے میں سرخرو ہوئے۔ پیرکوگورنر ہائوس میں منعقد کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں وزیراعلی سندھ کی درخواست پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ہدایت دیتے ہوئے انھیں کہا کہ سوئی گیس کمپنی کو پابند کریں کہ وہ کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس مہیا کرے اور دونوں اداروں کے بیچ جو بھی معاہدے ہونے ہیں وہ 15 روز کے اندر دستخط ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

جس پر وزیراعلی سندھ وزیراعظم کو اطمینان میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ سوئی گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر ضرور نظر رکھیں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تین خطوط لکھنے کے بعد انھوں نے کراچی آنے کا فیصلہ کیا اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی اجلاس میں سوئی گیس اور کے الیکٹرک کے درمیان تنازعہ کو حل کروایا۔ اور یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سندھ کے وزیراعلی کو وفاقی کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں مدعو کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہونے پر کراچی کی عوام کو مبارک باد بھی پیش کی۔