ترقی کیلئے حصول علم انتہائی ضروری ہے ،ڈاکٹر رشید زمان

پیر 23 اپریل 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) کراچی والنٹئیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین ڈاکٹر رشید زمان نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی اور شعور کی بیداری کے لئے حصول علم انتہائی ضروری بلکہ لازم و ملزوم ہے تعلیم کو فروغ دیکر ہم نہ صرف اپنے ملک کو ترقی کے بام عروج پر پہنچاسکتے ہیں بلکہ علم کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا جھنڈا سربلند کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے فنانس سیکریٹری حنیف اللہ کے ہمراہ لانڈھی مظفر آباد کالونی میں گورنمنٹ پرائمری اسکول اقصیٰ میں کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے طلباء وطالبات میں درسی کتب ،کاپیاں اور اسٹیشنری کا سامان تقسیم کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محمد اقبال گجر اور صدر مدرس محمد ایوب اور اساتذہ اکرم بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رشید زمان نے کہاکہ فروغ تعلیم کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں انہوں نے اپنی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ سندھ میں تعلیمی اصلاحات لیکر آئے انہوںنے کہاکہ مگر موجودہ حالات میں حکومت کا ہاتھ بٹا نے کے بجائے تعلیم کو کاروبار کی شکل دینے والوں کے خلاف کاروائی کی بھی سخت ضرورت ہے سندھ حکومت مفت تعلیم اور مفت درسی کتب کی فراہمی کے ساتھ اس امر پر بھی توجہ دے ڈاکٹر رشید زمان نے کہاکہ فروغ تعلیم کے اس مشن میں کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اُن کی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول میں اسٹیشنری اور دیگر اشیاء کی ضرورت کو پورا کیا جائیگا غربت کو حصول تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائیگا یہی کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن کا مشن ہے۔