پارٹی 2018ء کے انتخابات میں ملک بھر سے بھر پور حصہ لے گی،عطا اللہ کرد

چاروں صوبوں میں اپنے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے،پریس کانفرنس

پیر اپریل 16:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عطا اللہ کرد نے کہا ہے کہ دو افراد سے شروع ہونے والی جماعت آج ملک کی منظم اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے یہ بات انہوں نے پیر کو عام آدمی پارٹی کے صوبائی صدرعلی خان بگٹی کی قیادت میں درجنوں افراد کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پارٹی 2018ء کے انتخابات میں ملک بھر سے بھر پور حصہ لے گی چاروں صوبوں میں اپنے امیدوار کھڑے کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال بحیثیت ناظم کراچی کو ایک مثالی شہر بنادیا تھا انتخابات میں کامیابی کے بعدپورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صدرانیس خان قائم خانی نے بہترین انداز میں پارٹی کو منظم اور فعال کردیا اورآج پارٹی ایک منظم جماعت بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عام آدمی پارٹی کے صوبائی صدر سمیت صوبائی ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کو پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ پارٹی انکو مایوس نہیں کریگی ۔

پارٹی کے صوبائی رہنما طارق ترین نے پارٹی میں شامل ہونے والوںکو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عام عوام کی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کے حصول اورمسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے قبل ازیں عام آدمی پارٹی کے صوبائی صدر علی خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عام آدمی پارٹی کو صوبے میں فعال کرنے کیلئے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر فعال کردارادا کیا تاہم پارٹی کے قائد کی شہادت کے بعد پارٹی زیادہ فعال نہ رہی جس کے بعد ہم نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ ایک عوامی جماعت ہے پارٹی میں شامل ہونے والے محمد مراد نے کہا کہ ہم نے پاک سرزمین پارٹی میں اس وجہ سے شامل ہونے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس میں موروثیت نہیں بلکہ یہ عام عوام کی جماعت ہے پارٹی کو فعال بنانے کیلئے ہرممکن جدوجہد کرینگے۔