4مئی کو بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ، غزالہ گولہ

پیر 23 اپریل 2018 16:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر و سابق صوبائی وزیر غزالہ گولہ ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری ، سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے زیراہتمام 4مئی کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے خواتین جلسے میںبھر پور شرکت کرینگی اور پارٹی چیئرمین سمیت دیگر مرکزی قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پرشاندار استقبال کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کلثوم افتخار ، ساجدہ بنگلزئی ، محمود نسرین ، رابعہ طارق ، مریم بلوچ ، رفعت یونس ، شڈاہدہ کامران ،سعیدہ بلوچ ، زینت رند، سکینہ زہری ، رضیہ ، ثوبیہ شیخ ، فہیمہ ،حور بی بی اور دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں 4مئی کو ہونے والے جلسے میں خواتین کی شرکت اور جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدارآئی ہے تو خواتین کے مسائل کے حل اورانہیں جائز مقام دلانے کیلئے بھر پور اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جسکے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں غریب اور مستحق خواتین کو گھر بیٹھے رقوم فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور جیالوں نے عوام کے حقوق کیلئے لاشیں اٹھائیں ، جیل گئے ،کوڑے کھائے لیکن آمریت کا ساتھ نہیں دیابلکہ ہمیشہ جمہوریت کی بالا دستی میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی صدر علی مدد جتک اور دیگر قائدین کی قیادت میں پیپلزپارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام 4مئی کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسہ عام میں بلوچستان بھر سے خؤاتین بڑی تعداد میں شرکت کرکے جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کریں گی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر مرکزی قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کرینگی۔