چاروں صوبوں کی زنجیر اور پاکستان کی ترقی و تعمیر اور استحکام کی علامت ہے،میر ذوالفقار لہڑی

پیر اپریل 16:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کونسل کے ممبر میر ذوالفقار لہڑی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے سیاسی فلسفے اور ویژن کی امین واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں کی زنجیر اور پاکستان کی ترقی و تعمیر اور استحکام کی علامت ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

انہوںنے کہا کہ خیبر سے کراچی ،گوادر سے ڈیرہ مراد جمالی تک تک پی پی پی ایک مضبوط اور ناقابل شکست سیاسی قوت بن چکی ہے۔ پارٹی شہداء کے ویژن اور کارناموں سے آشنا آج کے ووٹر پی پی پی کے سوا کسی دوسری جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے اور ہماری جماعت برسر اقتدار آ کرملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی عروج کی نئی منزلوں کی جانب رواں ہے اور2018کے انتخابات میں پاکستان بھر سے کامیاب ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی مرکز اور بلوستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنی حکومتیں بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 4مئی کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے کارکن بلوچستان بھر سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4مئی کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور پارٹی کارکن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پرشاندار استقبال کرینگے۔