نوکر بن کر گھروں کا صفایا کرنے والے پانچ رکنی ڈکیت گروہ کا 28 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور

پیر 23 اپریل 2018 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) - جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے پیزا ہاؤسز اور ہوٹلوں میں نوکر بن کر گھروں کا صفایا کرنے والے پانچ رکنی ڈکیت گروہ کا 28 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کے روبرو پیزا ہاؤسز اور ہوٹلوں میں نوکر بن کر گھروں کا صفایا کرنے والے پانچ رکنی ڈکیت گروہ کے کارندے شعیب ، انس ، عاطف ، امتیاز اور حنین کو پولیس نے پیش کیا ۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف بی صنعتی ایریا سے گرفتار ملزمان مختلف ہوٹلوں اور پیزا ہاؤسز میں نوکری حاصل کرنے کے بعد ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کو پیزا ہاؤسز اور ہوٹلوں میں نوکری دلانے میں مرکزی ملزم انس اہم کردار ادا کرتا تھا ۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے قبضے سے چار پستول ایک ریپیٹر بمعہ گولیاں ، 19 عدد موبائل دو موٹرسائیکلیں اور دو لاکھ روپے نقدی برآمد کیے ۔

ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی ۔ تفتیشی افسر نے ملزمان سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعا کی ۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے 28 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ایف بی صنعتی ایریا میں مقدمہ درج ہے ۔

متعلقہ عنوان :