سعودی عرب تقریباً 25لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کررہا ہے،میاں زاہد حسین

پاکستان کا سعودی عرب کے دفاع ، سماجی اور اقتصادی شعبوں کی ترقی میں ناقابل فراموش کردار ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

پیر 23 اپریل 2018 16:53

سعودی عرب تقریباً 25لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کررہا ہے،میاں زاہد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب بہترین دوست ممالک ہونے کے ساتھ ساتھ OICکے لیڈرز ہیں۔ دونوں ممالک کا اتحاد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی عملی تعاون قابل فخر ہے۔

میاںزاہد حسین نے سعودی کونسلیٹ کراچی کے دورے کے موقع پر سعودی کونسل جنرل عبیداللہ الحربی سے گفتگو میں کہاکہ پاک سعودی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ عبیداللہ الحربی اس پہلے بھی پاکستان میں بحیثیت وائس کونسل جنرل تعینات رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اب بطور کونسل جنرل ان کی پاکستان میں تعیناتی خوش آئند ہے۔

پاکستان اور سعودی دو طرفہ تعاون کے لئے عبیداللہ الحربی نہ صرف پر عزم ہیں بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات کرنے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا گزشتہ ماہ پاک سعودی منسٹیریل کمیشن کی میٹنگ میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سعودی عرب کی ترجیح ہے اس موقع پر دونوں طرف سے تجارتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اورتجارتی سرگرمیوں کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں بشمول ویزا فیس میں کمی، کمپنیوں کی رجسٹریشن میں آسانی اور باہمی مشورہ سے دیگر کاروباری اور تجارتی امور طے کرنے کے اہم فیصلے ہوئے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاک سعودی منسٹیریل کمیشن کی میٹنگ میں طے پائے گئے امور کو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین صنعت و تجارت کے فروغ اور ترقی کے دیرینہ مقصد کو پورا کرنے کے لئے خوش آئند قراردیتی ہے اور یہ توقع کرتی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت کے فروغ سے دنیا میں معاشی طور پر مضبوط اسلامک بلاک کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگااور اسلامی ممالک کے تعاون کی تنظیم (OIC)کے بنیادی مقاصد حاصل کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔

پاکستان سعودی عرب کو موثر ورک فورس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دفاع، ایوی ایشن اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون فراہم کررہا ہے جبکہ سعودی عرب تقریباً 25لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کررہا ہے جو ملک کی معاشی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ میا ںزاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے دفاع ، سماجی اور اقتصادی شعبوں کی ترقی میں ناقابل فراموش کردار ہے۔

پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی کے بہترین مواقع ہیں اور ہر شعبہ میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع ہونے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لئے درکار تمام سہولیات موجود ہیں۔ پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے سیکیورٹی، بہترین اور سستی افرادی قوت اور بہتر انفراسٹرکچر فراہم کررہا ہے ، جس سے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔