ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی کی زیر صدارت اجلاس ،

انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ

پیر اپریل 16:57

نوشہرو فیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی کی زیر صدارت 7 سے 10 مئی 2018تک منعقدہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے کے لئے خاص توجہ کی ضرورت ہے۔

تمام میڈیکل افسران ڈیفریزر چالو حالت میں رکھیں اور مراکز میں جنریٹر کا بندوبست کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی او واپڈا کو ہدایت کی کہ گرم موسم کے پیش نظر جن علاقوں میں مراکز صحت ہیں ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل بحال رکھی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کچے کے علاقوں پر خاص توجہ دینے اور وہاں پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ خسرہ سے بچا کی ویکسین بھی لازمی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی بہتر تربیت پرخصوصی توجہ کی ضرورت ہے اس کے علاوہ مائکروپلان کو از سر نو جائزہ لے کر تربیت دیاجائے جبکہ خانہ بدوش آبادی کے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پولیو کنٹرول روم پر دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے آبادی کا ڈیٹا اور اے ایف پی سرویلنس کی رپورٹ باقائدگی کے ساتھ یوسی ایم او و میڈیکل افسران ڈسٹرکٹ فوکل پرسن کے پاس جمع کرائیں ۔اس موقع پر پولیو مہم کے ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر ساجن داس نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر کے 3لاکھ 01ہزار 148بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کے لئے کل 818ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے ۔

جن میں 711موبائل ،فکس 67 اور40 ٹرانزٹ پوائنس ٹیمیں شامل ہیں۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کے ریجنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عالم آزاد، ریجنل سرویلنس آفیسر ڈاکٹر ربنواز اور این اسٹاپ ڈاکٹر لبنی گھانگھرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیاض حسین راہوجو ،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ،،پولیو سپروائزر اور یوسی میڈیکل افسران ،پی پی ایچ آئی، پولیس ، پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر کے افسران بھی موجود تھے۔