کراچی ڈویژن کے علی الیاس سندھ گیمز سائیکلنگ چمپئن شپ ریس کے فاتح بن گئے

پیر 23 اپریل 2018 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) سندھ گیمزسائیکلنگ چیمپین شپ میں 2گولڈ میڈل کے ساتھ کراچی ڈویژن کے علی الیاس فاتح بن گئے۔سندھ گیمز کے سب سے پاور فل، پیس فل اور سب سے بہترین ایونٹ میں علی الیا س نے 20کلو میٹر اسپرنٹ اور 60کلومیٹر اسپرنٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ون پلس فور سائیکلنگ چیمپین شپ ریس کا افتتاح مزار قائد سے پاکستان اسپورٹس مین لائنز کلب انٹرنیشنل اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئر مین عابد علی ایڈووکیٹ نے فلیگ آف کرکے کیا۔

اس موقع پر چیمپئن شپ کے چیف آرگنائزر اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان بہت پر جوش نظر آئے۔ پاکستان رینجر ز ، کراچی پولیس اور دیگر قانون نافظ کرنیوالے اداروں کے کمانڈوز نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

مزار قائد سے مکمل وی وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ سائیکلسٹ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے اور براستہ شاہراہ قائدین ،شاہراہ فیصل،ڈرگ روڈ، لانڈھی اور نیشنل ہائی وئے سے ہوتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن شپ کے مین گیٹ سے واپس ہوئے اور مزارقائد کے نمائش چورنگی والے گیٹ پر پہنچ کر ریس کا اختتام کیا۔

نیشنل ہائی وئے پر ہیلی کوپٹر کے ذریعے سائیکلسٹوں کی حفاظتی نگرانی کی گئی۔سائیکل ریس کے شاندار اور کامیاب ترین انعقاد پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر ، سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز احمد صدیقی اور ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے عابد علی ایڈووکیٹ اور چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان کو مبارکباد بھی پیش کی۔سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے فون کرکے عابد علی ایڈووکیٹ اور کلیم اعوان کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے فوجی انداز کے جذبہ حب الوطنی کو خوب سراہا۔

ون پلس فورسائیکل ریس میں سکھر ڈویژن کے محمد علی نے 30کلو اسپرنٹ میں گولڈ اور 10کلومیٹراسپرنٹ سلور میڈل حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ میر پور خاص کے محمود بلوچ نے 10کلومیٹر30کلومیٹر اسپرنٹ میں براؤنز میڈل حاصل کئے اور لاڑکانہ کے عابد نے ایک سلور میڈل حاصل کیا۔میر پور خاص کے اسد اللہ نے 10کلومیٹر اسپرنٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔کراچی ڈویژن کے محمد فرقان نے 20کلومیٹر اسپرنٹ اور 60کلومیٹر اسپرنٹ میں سلور میڈل حاصل کئے۔

کراچی ڈویژن ہی کے ولید بلوچ رحیم نے 60کلومیٹر اسپرنٹ میں براؤنز میڈل حاصل کیا۔سائیکلسٹوں کے لئے منرل واٹر اور جوسز کا وافر مقدار میں انتظام کیا گیا تھا۔ عبدالستار ایدھی ٹرسٹ کی ایمبولنس سرویس بھی سائیکلسٹوں کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں۔چیف آرگنائزر کلیم اعوان نے ٹیم پوزیشن کے بارے میں بتایاکہ کراچی ڈویژن 2گولڈ،2سلور اور 2براؤن میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر، سکھر ڈویژن1گولڈ1سلور میڈل کے ساتھ دوسرے نمبرپر میرپور خاص 1گولڈ 1براؤن میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر جب کہ لاڑکانہ 1سلور میڈل کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ ریسز کے اختتام پر مہمان خصوصی عابد علی ایڈووکیٹ نے فاتح سائیکلسٹوں میں میڈلز اور فاتح ٹیموں میں خوبصورت ٹرافیز اور اسناد تقسیم کی۔