ٹیکنو انجینئرنگ نے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

سی پیک کے ساتھ دو بڑے بین الاقوامی خصوصی اکنامک زونزتعمیر کیے جائینگے،350 میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگانے اور تیل و گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے پر عزم

پیر 23 اپریل 2018 17:22

ٹیکنو انجینئرنگ نے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) ٹیکنو انجینئرنگ سروسز نے حال ہی میں پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری لانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مکھڈ اور پنڈی گھیپ کے علاقوں میں سی پیک روٹ کے ساتھ دو بڑے بین الاقوامی خصوصی اکنامک زونز بنائے جائیں گے۔اس بات کا اعلان ٹیکنو انجینئرنگ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او عابد علی نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔

انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کمپنی نے اس مقصد کیلئے ان علاقوں میں 1250ایکڑ کے برابردو پلاٹس حاصل کر لیے ہیں۔سی ای او کا کہنا تھا کہ ان زونز کو مشرق وسطیٰ اور یورپ کے خصوصی اکنامک زونز سے منسلک کیا جائے گا۔ ایک خصوصی پلان تشکیل دیا جا رہاہے جس کے تحت بیرون ملک سرمایہ کاروں کی توجہ ان زونز کی جانب مبذول کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بڑی صنعتیں بشمول آئل و گیس، فارما سیوٹیکل، انجینئرنگ و کنسٹرکشن، الیکٹرونکس، فوڈ اینڈ بیوریجزاور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کا ارادہ ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ ان کی کمپنی 350میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے ملک میں جاری توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انھوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کمپنی اپنے پارٹنرز کے ہمراہ ملک کے تیل و گیس کی تلاش کے سیکٹر میں وسیع سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ خصوصی ملاقات میں موجود کمپنی کے ڈائریکٹر ارسلان علی نے اپنی پریذینٹیشن میں بتایا کہ کمپنی اس وقت مکھڈ میں جدید ترین سلاٹر ہائوس چلا رہی ہے، اس کے علاوہ موٹر وے کا سیالکوٹ تا لاہور سیکشن بھی تعمیر کر رہی ہے۔

کمپنی نے مظفر گڑھ میںٹوٹل پارکو کے زیر انتظام چلنے والی ریفائنری میں ایک بڑی پائپ لائن تعمیر کی ہے ۔ڈائریکٹر ٹیکنو انجینئرنگ نے بتایا کہ ان کی کمپنی موجودہ ریگولیٹر ڈی جی پی سی اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بنا پر مختلف بلاکس میں سرمایہ کاری کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے ٹینکو انجینئرنگ اور اس کے جائنٹ ونچر پارٹنرز کی کاوشوں کو سراہا اورپاکستان میں دو بڑے خصوصی اکنامک زونز کی تعمیر پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کمپنی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔