کراچی ،کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ سے خاتون زخمی

پولیس مقابلے اور کارروائیوں کے دوران ایک ملزم ہلاک ، 13 ملزمان گرفتار ،اسلحہ و منشیات برآمد

پیر 23 اپریل 2018 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی، پولیس مقابلے اور کارروائیوں کے دوران ایک ملزم ہلاک ، 13 ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق کورنگی کراسنگ کے قریب کرسچن ٹاون میں فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی جسے فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ملزم کو اسنیپ چیکنگ کے لئے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزم نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ملزم مارا گیا جبکہ سرسید پولیس نے چار اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور واردات کے دوران لوٹا گیا سامان برامد کیا ناظم آباد پولیس نے دوران گشت کارروائی کرکے اسٹریٹ کرمنل وجاہت کو گرفتار کیا ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا گیا سامان برآمد کرلیا ملزم شہری سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہا تھا، دوسری جانب سپر مارکیٹ پولیس نے تین ہٹی کے قریب کارروائی کرکے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے جن کے قبضے سے تین کلو منشیات برآمد کرلی جبکہ پانچ سہولت کار سرکاری کام میں مداخلت کرنے پر گرفتار کیا ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا