ایس ای سی پی اور اسلامی یونیورسٹی کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 23 اپریل 2018 17:29

ایس ای سی پی اور اسلامی یونیورسٹی کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مابین سرمایہ کاری سے آگہی اور طالب علموں میں مالیاتی خواندگی اور مالی منصوبہ بندی کا شعوراجاگر کرنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دست خط کئے گئے۔ باہمی تعاون کی یادداشت پر ایس ای سی پی کے کمشنر شوذب علی اور اسلامک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے دستخط کئے۔

سرمایہ کاروں میں آگہی اور مالی خواندگی کے فروغ کے لئے ایس ای سی پی کے جمع پونچی پروگرام کے تحت کامیابی سے آگہی مہم چلا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام پاکستان سے اب تک 34 یونیورسٹیاں اور پروفیشنل تعلیم کے اداریاس مہم کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ میں آگہی کیلئے اسلامک یونی ورسٹی میں مالیاتی خواندگی پر ورکشاپ، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر شوذب علی نے مالیاتی خواندگی کے لئے اسلامک یونیورسٹی کے تعاون کو سراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مالیاتی شعبے کا مستقبل کپیٹل مارکیٹ سے وابستہ ہے اور اس میں بڑھوتی کی بہت گنجائش موجود ہے اور خاص طور پر اسلامی مالیاتی انڈسٹری کیلئے نئی نئی مصنوعات متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔ ریگولیٹر، تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے باہمی تعاون سے عوام کی مالیاتی شمولیت کی شرح بہت بہتر بنائی جا سکتی ہے اور کپیٹل مارکیٹ میں وسعت اور گہرائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اسلامک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے طالب علموں میں مالیاتی خواندگی پیدا کرنے کیلئے ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تعلیمی میدان اور معاشرے کی بہتری کیلئے اسلامک یونی ورسٹی کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔ایس ای سی پی کی انوسٹر ایجوکیشن اور بین الاقوامی تعلقات کے محکمہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالدہ حبیب نیجمع پونچی پروگرام کی تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پراگرام کے تحت پورے ملک میں یونیورسٹیوں میں سیمنار منعقد کئے جاتے ہیں اور طلبہ کو ملک میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع، ما لیاتی خاندگی، مالیاتی منصوبہ بندی اور بچتوں کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر انٹر نیشنل انسٹ ٹیوٹ آف اسلامک اکنامکس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عتیق ظفر نے آگہی پروگرام جمع پونچی کا دائرہ اسلامک یونی ورسٹی تک وسیع کرنے پر ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کیا۔