صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کی ملاقات، آزادکشمیر میں ایس ایف ڈی کے مختلف منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی

پیر اپریل 17:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے پیر کو یہاں جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ایک وفد نے چیف انجینئر ایس ایف ڈی عبد اللہ محمد الشعیبی کی قیادت میں ملاقات کی اور صدر آزادجموں وکشمیر کو آزادکشمیر میں ان کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے مختلف منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی اور جامعہ کشمیر مظفرآباد کے لیے فرنیچر کی خریداری کے حوالے منظور شدہ فنڈز کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔

صدر آزادجموں وکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان اور آزادکشمیر کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2005ء کے تباہ کن زلزلہ کے بعد جس طرح سعودی عرب نے ہماری مدد کی اور تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس پر ہم سعودی عرب کی عوام اور حکومت کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبداللہ محمد الشعیبی نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا برادر ملک سمجھتے ہیں اور یہاں کے لوگوں کے دل سعودی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جامعہ کشمیر کے عبداللہ کیمپس اور وویمن یونیورسٹی باغ اور راولاکوٹ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبوںکو بروقت اور احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم راولاکوٹ اور باغ میں ملازمین کے دو ہزار سے زائد رہائشی یونٹس بنائیں گے ۔ تاہم انہوں نے اس سلسلے میں درپیش مسائل سے بھی صدر ریاست کو آگاہ کیا ۔ صدر نے کہا کہ ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادی پر حل کیا جائے گا تاکہ تعمیرنو کے کام میں کسی قسم کی تاخیر یا اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔