بجٹ سازی کا عمل جاری ہے،وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے مطابق الائونس شامل کیا جائے،بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن

پیر 23 اپریل 2018 17:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے کالج اساتذہ کو ہایئرایجوکیشن الائونس دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ سازی کا عمل جاری ہے اگلے مالی سال کے بجٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی کرائی گئی یقین دہانی کے مطابق یہ الائونس شامل کیا جائے تاکہ کالج اساتذہ میں پائی جانے والی تشویش کاخاتمہ ہو کیونکہ ا س وقت بلوچستان کے گزیٹڈ آفیسرز میںواحد طبقہ کالج اساتذہ کا ہے جو سب سے کم تنخواہ لیتے ہیں ہایئر ایجوکیشن الائونس کا اجراء کالج اساتذہ کا حق ہے ۔

بی پی ایل اے کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 2013ء میں شعبہ تعلیم میں ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے باوجود محکمہ تعلیم میں موجودبنیادی مسائل کے حل کی جانب توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اخراجات میں تو اضافہ ہوگیا مگر اس کا وہ نتیجہ نہیں نکلاجس کی توقع کی جارہی تھی تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود کالج پروفیسر ز کے بنیادی مسائل پر ہنوز حل طلب ہیں گزشتہ دنوں بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر آغا زاہد کی قیادت میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کے دوران بھی کالج اساتذہ کو ہائیر ایجوکیشن الائونس دینے کے نکتے پر بات ہوئی تھی وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی جس پر بی پی ایل اے ان کی شکر گزار ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ بیان کے مطابق بی پی ایل اے نے اپنے طورپر اس حوالے سے ابتدائی کام بھی کرلیا ہے ہمارے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق کالج اساتذہ (لیکچررز ،اسسٹنٹ پروفیسرز،ایسوسی ایٹ پروفیسرزاور پروفیسرز)کو ہائیر ایجوکیشن الائونس کا اجراء کرنے کے لئے کل 42کروڑ72لاکھ روپے چاہئیں جبکہ اس اقدام سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کالج اساتذہ کا ایک دیرینہ مطالبہ حل ہوجائے گا اور وہ زیادہ بہتر طو رپر اپنی خدمات ادائیگی یقینی بنائیں گے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں پروفیسرز برادری کو باقی صوبوں سے نسبتاً کافی کم الائونسز اور مراعات ملتی ہیں جبکہ وہ جس عظیم پیشے سے وابستہ ہیں ضروری ہے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں تاکہ کالج اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ یقینی ہو اور وہ زیادہ مستعدی سے اپنے فرائض کی بجا آوری کو یقینی بناسکیں ۔

متعلقہ عنوان :