وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کی سہولت کے لیے 50 ارب روپے کے تین بڑے منصوبے شروع کیے ہیں،

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی موثر پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات کی بدولت کراچی کا امن بحال ہوا ہے گورنر سندھ محمد زبیر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 23 اپریل 2018 17:41

وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کی سہولت کے لیے 50 ارب روپے کے تین بڑے منصوبے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کی سہولت کے لیے 50 ارب روپے کے تین بڑے منصوبے شروع کیے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے لیاری ایکسپریس سمیت گرین لائن جیسا جدید سفری سہولت کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ سندھ کے عوام کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت نے تھر کوئلے کے دو منصوبے جن سے 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی وہ بھی شروع کیے تاکہ عوام کو لوڈ شیڈنگ سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثروکارآمد اقدامات کی بدولت 1700 کلومیٹر موٹروے اور ہائی ویز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی قیادت کی موثر پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات کی بدولت بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کراچی جیسے بڑے شہر کے امن کی بحالی کے لیے رینجرز سمیت دیگر قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں امن و امان کی بہتر صورتحال کے لیے اٹھائے جانے والے وفاقی حکومت کے اقدامات کی صوبائی حکومت نے بھی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں امن کی بحالی کے بعد نوجوانوں کو روزگار کے بہت سارے مواقع بھی حاصل ہوئے ہیں جبکہ سرمایہ کار بھی یہاں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو ملک و قوم کے لیے خوش آئند ہے۔