رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزی منافع خوری کا سدباب کیا جائے،مفتی محمدنعیم

پیر 23 اپریل 2018 17:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ رمضان میں گراں فروشی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اقدام کیے جائیں، دنیا مذہبی ایام میں عوام کو ریلیف دیتی لیکن وطن عزیز میں عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دی جاتی ۔ پیر کوجامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کی زندگیا اجیرن بن چکی ہیں، اشیا خورونوش کی قیمتوں میںروز اضافہ ہورہاہے جو رمضان المبارک میں دو گناہ بڑھ جائے گااس لیے حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات ضروری ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بابرکت گھڑیوں کا انتظار ہر مسلمان کو ہوتا ہے کیونکہ اس مہینے میں اللہ تعالی اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیتے ہیں اور شیاطین کو قید کیا جاتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رمضان سے مہینہ قبل ہی ذخیرہ اندوز اور گراں فروش سرگرم ہوجاتے ہیں جو بابرکت مہینے میں عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ رمضان کی آمد سے قبل ایسی کمیٹیاں تشکیل دے جو مارکیٹ کی مانیٹرینگ کرکے منافہ خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کا سدباب کرے ۔