شاہین ایئر اور یو بی ایل اومنی کے درمیان معاہدہ ، صارفین نقد رقوم کے بغیر ادائیگیاں کر سکیں گے

پیر 23 اپریل 2018 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) اپنے صارفین کے لئے جدید ترین سہولیات پیش کرنے کے عزم کے ساتھ، پاکستان کی سب سے بڑی نجی اور دوسری قومی ایئرلائن - شاہین ایئر انٹر نیشنل (SAI) نے یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ (UBL)کی Omni سہولت کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MOU)پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے کے تحت صارفین کے لئے ادائیگیاں کرنا نہایت آسان ہو جائے گا او ر سفری سہولت میں اسانی پیدا ہوجاے گی ۔

اس حوالے سے ،کراچی میں شاہین ایئر کے مرکزی دفتر پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس تقریب میں شاہین ایئر کے چیف مارکیٹنگ آفیسر - زوہیب حسن اور یو بی ایل میں ڈیجیٹل بینکنگ کے گروپ ایگزیکٹیو - شرجیل شاہد نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ اس اشتراک کے بعد، شاہین ایئر کے صارفین کو پیش کی جانے والی سہولیات میں مزید جدّت پیدا ہوگی، لہٰذا، صارفین اپنے سفری ٹکٹوں کی قیمت ادا کرنے کے لئے یوبی ایل اومنی کی اسمارٹ فون ایپلی کیشن یا اومنی شاپ کو باآسانی استعمال کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

شاہین ایئر نے فضائی سفر کی صنعت میں یہ نیا بلند ترین سہولیاتی معیار متعارف کروا یا ہے،جس میں ،ملک کے قابل اعتماد مالیاتی اداروں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ، صارفین کے لئے نئی آسانیاں اور پرکشش رعایتی نرخ پیش کئے جارہے ہیں۔ شاہین ایئر کے چیف مارکیٹنگ آفیسر- زوہیب حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ؛ شاہین ایئر ، اپنے صارفین کی ضروریات کے مطابق جدید ترین سہولیات پیش کر نے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔

یہ نئی سہولت بھی انہی کاوشوں میں سے ایک ہے، جس کے ذریعے ہم ملک بھر کے تمام صارفین کے لئے مزید آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ہم پاکستان میں پہلی ایئرلائن ہیں، جو ایک مالیاتی ادارے کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے صارفین کو جدید مالیاتی سہولیات اور منفرد رعایتیں پیش کر رہی ہے۔یو بی ایل اومنی کے ساتھ اس نئے اشتراک کے ذریعے ہم اپنے معزز صارفین کو فوری اور آسان ادائیگیوں کے ایسے مواقع پیش کر رہے ہیں، جو ہماری خدمات کو دیگر اداروں سے منفرد بنائیں گی۔

کچھ عرصہ قبل، شاہین ایئر لائن نے اپنی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر شائن مائلز کے پروگرام کا آغاز کرنے کے ساتھ ، شاہین ایئر لائلٹی کارڈ کا اجراء بھی شروع کیا۔ اس کے علاوہ ادارے کی ویب سائٹ اور ویب ایپلی کیشن میں بھی جدّت پیدا کی گئی، تاکہ صارفین کو پرسکون سفری تجربات فراہم کئے جا سکیں۔ شاہین ایئر اپنی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کروا چکا ہے، جس کے ذریعے اس کے مسافر اپنے موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پروازوں کے اوقات کی تصدیق اور آن لائن بکنگ بھی کروا سکتے ہیں، اور موبائل فون کے ذریعے اپنی بکنگ کو دیکھ بھی سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :