یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج کے تحت 1.733 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز

پیر 23 اپریل 2018 17:59

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج کے تحت 1.733 ارب روپے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن رمضان المبارک کے دوران عوام الناس کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کی کنٹرول نرخوں پر فراہمی کے مقصد سے رمضان ریلیف پیکج کے تحت 1.733 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز دی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق کارپوریشن 19 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دینے کی خواہاں ہے تاکہ شہریوں کو اپنے ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے کم آمدن اور اوسط آمدن رکھنے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے آٹے پر چار روپے فی کلو گرام، چینی پر پانچ روپے فی کلو گرام اور گھی پر 15 روپے فی کلو گرام جبکہ دال مونگ، دال ماش اور دال چنا پر بالترتیب 10 سے 15 روپے کلو گرام کے علاوہ کھجوروں پر 30 روپے فی کلو گرام، بیسن پر 25 روپے فی کلو گرام، چاول پر 15 روپے فی کلو گرام اور چائے کی پتی پر 50 روپے فی کلو گرام سبسڈی دینے کی تجویز دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کو 50 ہزار میٹرک ٹن آٹا، 40 ہزار میٹرک ٹن چینی اور 30 ہزار میٹرک ٹن گھی رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خوردنی اور غیر خوردنی ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف برانڈز کی اشیاء پر بھی 5 سے 10 فیصد ڈسکائونٹ فروخت کنندگان اور سپلائی کرنے والوں کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :