لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد سمیت 6 اضلاع کی نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت (کل) ہو گی

پیر 23 اپریل 2018 18:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن میں لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد سمیت چھ اضلاع کے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت (کل) منگل کو ہو گی۔ پنجاب سے کمیشن کے رکن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 62 اعتراضات کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق گھوٹکی سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندی کے خلاف 18 اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔

سکھر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی نئی حلقہ بندیوں پر 14 اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔ کمیشن کو خیرپور سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندیوں پر 15، جیکب آباد سے 7، کشمور سے 6 اور لاڑکانہ سے 5 اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔