دینی اجتماعیت کے ساتھ وابستگی ہمارے لئے سعادت ہے،صوبائی پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی

پیر 23 اپریل 2018 18:42

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ دینی اجتماعیت کے ساتھ وابستگی ہمارے لئے سعادت ہے۔ دعوت سے لے کر اقامت دین کی جد و جہد، اسلامی خوشحال پاکستان کی جدو جہد، مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست کی جدو جہد، یہ سب راہ خدا کی جدو جہد ہے۔

قرآن پاک کی تبلیغ کی ساتھ قرآن پاک کے نظام کے نفاذ کے ذریعے برائی کا سد باب ضروری ہے۔ نظام کی باگیں عوام کے مسائل کو سمجھنے اور امت کا درد رکھنے والوں کے ہاتھوں میں دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت کی ضرورت ہے کے انتخابات میں ایمان دار اور کرپشن سے پاک قیادت سامنے آئے۔ ایم ایم اے کی بحالی انشاء اللہ ملک میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔

(جاری ہے)

نظریہ پاکستان کے تحفظ، دینی و اخلاقی اساس کے تحفظ اور خوشحال، اسلامی اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کیلئے دینی جماعتوں کا اتحاد بائث برکت ہوگا۔ وقت اور حالات کے چیلنجز کے مقابلے کے لئے اجتماعی جدو جہد کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام سے عوام کو نکالنے کے لئے ہم میدان میں کھڑے ہیں۔ انتہائی نامساعد حالات میں بھی امید کے چراغ روشن رکھنے والا وژن اور یقین اسوہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔

موروثی نظام سیاست، مالی، اخلاقی اور سیاسی کرپشن کے درمیان سپریم کورٹ کے جج کا امیر جماعت کے حوالے سے ریمارکس جماعت اسلامی کے لیے ایک اعزاز ہے۔ مایوسی شیطان کا وار ہے۔ اللہ پر یقین رکھنے والے، اللہ کی بندگی کے راستے میں کبھی مایوس نہیں ہوتے۔ یکسوئی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔ اس سنت ی ہمیں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔