پیپلزپارٹی کے ایف سی ایریامیں ہونیوالے جلسے کی تیاریاں جاری ،مختلف کمیٹیوں کا قیام

بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی خطاب سننے کیلئے بڑی تعداد میں عام شہری شرکت کریں گے،سعید غنی

پیر 23 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے 29اپریل کو فیڈرل کیپٹل ایریا (ایف سی ایریا) کے ٹنکی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریاں جاری ہیں ۔پیر کو پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی ،سندھ جنرل سیکرٹری وقار مہدی سمیت ضلعی عہدیداران نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں جلسے کے انتظامی امور کے حوالے سے کمیٹیوں کے قیا م کا اعلان کیا گیا اور ذیلی تنظیموں کو مختلف ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سعید غنی نے کہا کہ 29 اپریل کا جلسہ برسوں شہر پر بندوق کی سیاست کرنے والوں کا باب بند کردے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی خطاب سننے کے لیے بڑی تعداد میں عام شہری شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ضلع وسطی کے لوگ 29 اپریل کو ثابت کریں گے یہ شہر امن پسند لوگوں کا شہر ہے ۔پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ 29اپریل کے جلسے سے ثابت ہوجائے گا کہ کراچی پاکستان پیپلزپارٹی کا شہر ہے اور یہاں کے شہری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے فکر و فلسفے سے متاثر ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ کراچی کو برسوں تک سیاسی طور پر یرغمال بناکر رکھا گیا یہاں کے شہری آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی بھی استعمال نہیں کرسکتے تھے ۔جعلی مینڈنٹ والوں نے شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی سے بھرپور کامیابی حاصل کرکے شہر قائد کو مسائل سے نجات دلائے گی ۔