جمرود،راجگل تیراہ متاثرین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ،باب خیبر کے مقام پر پاک افغان شاہراہ کو بند کردیا

پیر 23 اپریل 2018 19:10

جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) راجگل تیراہ متاثرین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ،باب خیبر کے مقام پر پاک افغان شاہراہ کو بند کردیا۔تفصیلات کے مطابق جمرود میں وادی تیراہ راجگل کوکی خیل سے نکل مکانی کرنے والے متاثرین نے تاریخی باب خیبر پر دھرنا دے کر پاک افغان شاھراہ کو ایک گھنٹے تک بند کردیا۔متاثرین کے دھرنے سے ملک نصیر احمد کوکی خیل، زینا گل آفریدی و دیگر نے کہا کہ 2011 میں وادی تیراہ راجگل کوکی خیل سے شورش و عسکریت پسندی سے ہزاروں خاندانوں نے نکل مکانی کرکے جمرود و دوسرے پر امن علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کی وجہ سے ان کے گھر، مال اور کھیت تباہ ہوگئے لیکن حکومت نے کوئی مدد نہیں کی اس لیے وہ کوکی خیل متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرکے ان کو اپنے علاقے وادی تیراہ راجگل کوکی خیل کو باعزت واپسی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے ممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی و اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ زاھد عثمان کاکا خیل نے مذاکرات کیے اور کل بروز منگل جمرود تحصیل آفس میں ایک جرگہ طلب کیا جس میں پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران کے علاوہ ایف ڈی ایم اے کے حکام شرکت کریں گے اور تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کے مطالبات سنیں گے۔

متاثرین سے ایم این اے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے تو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کریں گے اور اس وقت تک واپس نہیں آئیںگے جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے جاتے۔