دنیا میں زبان عربی بولنے اور سمجھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا

ملکوں میں عربی بولنے والوں کی تعداد 470 ملین سے تجاوز کرگئی

پیر 23 اپریل 2018 19:16

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) مسلمانوں کی مقدس زبان عربی بولنے اور سمجھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، دنیا مین عربی زبان بولنے والوں کی تعداد سے متعلق اہم اعداد و شمار منظر عام پر آگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں عربی کی عالمی کانفرنس کا انعقاد ہر سال ہوتا ہے۔ جس میں دنیا کے 80 ممالک سے تقریبا 2 ہزار افراد مدعو کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس سے خطاب میں اسلامی تعاون تنظیم "او آئی سی" کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بتایا ہے کہ عربی بولنے والوں کی تعداد 470 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ العثیمین نے کہا کہ عربی دنیا کی سب سے زیادہ رائج زبانوں میں چوتھے نمبر پرآگئی ہے اور دنیا کہ چھیاسٹھ ملکوں میں بولی جا رہی ہے۔انہوں نے توجہ دلائی کہ عالمی نظام نے کافی پہلے عربی کو تسلیم کر لیا تھا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 28 ویں سیشن میں 1973 کے دوران عربی کو جنرل اسمبلی اور اس کے ماتحت اداروں کی کارروائی کیلئے چھٹی رسمی زبان تسلیم کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ او آئی سی 1969 میں قائم ہوئی۔ تب سے عربی ہی اس کی رسمی زبان ہے۔ اسے یونیسکو اور افریقی یونین سمیت متعدد عالمی تنظیموں میں سرکاری زبان تسلیم کر لیا گیا ہے۔