ابتدائی ووٹرز فہرستوں میں درستگی کا (کل) آخری دن

ووٹر فہرستوں کی بابت تمام دعوٰی جات اور اعتراضات 30اپریل تک نمٹا دیئے جائیں گے

پیر 23 اپریل 2018 19:30

ابتدائی ووٹرز فہرستوں میں درستگی کا (کل) آخری دن
راولپنڈی 23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ابتدائی ووٹرز فہرستوں میں درستگی کا (کل) آخری دن ہے ،الیکشن کمیشن نے شہریوں کوووٹر فہرستوں میں اپنے ناموں کی جانچ پڑتال و درستگی کروا نے کی سہولت سے بروقت استفادہ کی ہدایت کر دی ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ الیکشن کمیشن نے 26مارچ کو ضلع راولپنڈی کے سرکاری سکولز ،کالجز ،یو سی دفاتر اور دیگر اہم مقامات کے 280ڈسپلے سنٹرز پر ابتدائی ووٹرز فہرستیں آویزاںکی تھیں ،ان فہرستوں کی جانچ پڑتال ،درستگی کی مدت(آج) 24اپریل کو ختم ہو جائے گی لہذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ڈسپلے مراکز سے رجوع کر کے اپنے ووٹ کے درست اندراج کی تصدیق کر لیں بصورت دیگر ووٹ کی منتقلی ،تبدیلی اور دیگر دستگی ممکن نہیں ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ڈسپلے مراکز ہفتے کے ساتوں دن صبح 8سے شام 4بجے تک کھلے رہیں گے ۔انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ فہرستوں پر اعتراضات کی وصولی و جانچ پڑتال کے لیے راولپنڈی ،اٹک ،چکوال اور جہلم میں 32نظر ثانی اتھارٹیز قائم کی گئی تھیں اور ووٹرز فہرستوں پر اعتراضات وغیرہ کی وصولی کاکام بھی 26مارچ سے ہی شروع کر دیا گیا تھا ۔ اعتراضات کی وصولی اور فہرستوں کی درستگی و دعوٰی جات نمٹانے کے لیے 36یوم کی مہلت دی گئی ہے ۔

جس کی تاریخ 26مارچ سے 30اپریل تک مقرر کی گئی تھی ۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹر فہرستوں کی بابت تمام دعوٰی جات اور اعتراضات بھی مقررہ تاریخ تک نمٹا دیئے جائیں گے جبکہ حتمی ووٹرز فہرست 20مئی کو آویزاں کی جائے گی ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی نی15جنوری سے ڈور ٹو ڈور ووٹرز ویریفکیشن مہم شروع کی تھی۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں ووٹرز فہرستوں بارے آگہی کے لیے ضلعی الیکشن کمیشن نے مقامی عوامی نمائندوں کی وساطت سے بھرپور مہم چلائی جس کے نتیجے میں بڑی تعداد ڈسپلے مراکز سے مستفید ہوئی اور شہریوں نے اپنے ووٹ کے درست اندراج کو یقینی بنایا ۔ضلعی الیکشن کمشنر نے کہاکہ شہری ووٹرز فہرست میں اپنے ناموں کی موجودگی کی تصدیق کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج سکتے ہیں جبکہ مزید تفصیلات کے لیے ’’ClickECP‘‘نامی موبائل ایپ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔

ووٹ کے اندراج سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر SMS کریں الیکشن کمیشن کی طرف سے آپکو اپکا ووٹنگ ایریا پتا چل جائے گا اگر آپ کا ووٹ کسی ایسی جگہ ہے جہاں سے اپکا یا آپکی فیملی کا کوئی تعلق نہیں تو فوری اپنا ووٹ تبدیل کروانے کے لئے درخواست دیں ووٹ تبدیلی کا فارم اردو یا انگلش میں اس طریقے کے ساتھ بھیجا گیا ہے اس فارم کو پورا کرنے کے لئے آپکو اپکا موجودہ رہائشی علاقے کا بلاک کوڈ پتا ہونا چاہیے اس بلاک کوڈ کو جاننے کے لئے اپنی فیملی یا کسی پڑوسی کا شناختی کارڈ نمبر 8300 پرSMS کر دیکھ سکتے ہیں۔