پیپلزپارٹی کا ہر جیالا بلاول بھٹو زرداری کا سفیر ہے،سید نیئر حسین بخاری

ہر جیالے کا فرض ہے اپنے حلقے، گلی اور محلے میں پارٹی کا پیغام پہنچائے، وفود سے گفتگو

پیر اپریل 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر جیالا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سفیر ہے۔ ہر جیالے کا فرض ہے کہ اپنے حلقے، گلی اور محلے میں پارٹی کا پیغام پہنچائے۔ پیر کے روز اپنی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی یوتھ اور پی ایس ایف کے عہدیداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے نیر حسین بخاری نے کہا کہ اس سے بڑا لطیفہ اور کیا ہو سکتا ہے کہ نواز شریف اپنی ہی حکومت کو ظالم کہہ رہے ہیں حالانکہ وزیراعظم عباسی انہیں اصلی وزیراعظم کہہ رہے ہیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ مارشل لاء میں نواز شریف پلے بڑھے اور معاشی خوشحالی حاصل کی۔ مارشل لائوں کی مزاحمت تو صرف پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی کی ہے۔

(جاری ہے)

محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مشکلات برداشت کیں، قید کاٹی، قذافی سٹیڈیم لاہور میں مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے سر پر لاٹھیا برسائی گئیں۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو دھمکیاں دی گئیں اور کوڑے مارے گئے۔ پرویزی مارشل لاء میں آصف علی زردراری جیل میں رہے جبکہ نواز شریف مراعات کے بدلے ملک سے بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بھی پرویزی مارشل لاء سے فیضیاب ہوئے اور مال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا ٹائٹینک ڈوبنے والا ہے۔