بکے ہوئے ایم پی ایز کو نکال کر پی ٹی آئی نے مثال قائم کی ، دیگر سیاسی پارٹیاں بھی فروخت شدہ لوگوں کو نکالیں ،صوبائی وزیر آبپاشی و کھیل محمود خان

پیر اپریل 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملا کند ریجن کے صدرمحمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کرپشن و بدعنوانی کیخلاف جدوجہد کوعوام کی بھرپور حمایت کی بدولت آگے لیکر جائیگی ، سینیٹ انتخابات کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین نے بکے ہوئے ایم پی ایز کو نکال کر ایک مثال قائم کی ہے ، دیگر سیاسی پارٹیوں کو بھی چاہیے کہ وہ فروخت شدہ لوگوں کو اپنی پارٹیوں سے نکال باہر کریں۔

وہ پیر کو مٹہ سوات میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر روہے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کو کامیاب دیکھ کر پاکستانی عوام میں ایک نیا ولولہ پیدا ہوگیا ہے جس کے ہوتے ہوئے کوئی بھی کرپٹ اور بد عنوان شخص آئندہ اقتدار تک نہیں پہنچ سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن اگر غیر منتخب مشیر کو نظر نہیں آ رہی تو وہ اپنی آنکھوں کا علاج کروائیں کیونکہ عوام ان کی کرپشن کے تمام طریقوں کو جان چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں اور وہ سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن خوری اور پیسہ کمانے کی سیاست پر ہزار بار لعنت بھیجتا ہوں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں چاروں صوبوں سمیت مرکز میں بھی پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عمران خان پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔