وکلا ء کرپشن سے پاک خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی

پیر 23 اپریل 2018 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ وکلا ء کرپشن سے پاک خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ملک اندرونی و بیرونی بحرانوں میں گھرا ہواہے ۔ عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ اور ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔

ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں کوئی وی آئی پی نہ ہو اور سب کو برابرکے حقوق حاصل ہو ۔ اسٹیٹس کو کی حامی قوتوں نے عام آدمی کو تعلیم صحت روز گار کی سہولتوں سے محروم رکھا ہوا ہے ۔ملک میں آئین وقانو ن کی بالادستی ہوگی اور عوام کو سستا انصاف مہیا ہوگا تو ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہوگا ۔ محب وطن قیادت کافقدان ہماراسب سے بڑاالمیہ ہے۔

(جاری ہے)

جب تک پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایماندار،پاک صاف اور باکردار قیادت میسر نہیں آجاتی ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

موجودہ حکمرانوں کی ان ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کو متحد ہونا پڑے گا۔ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔لوگوں کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوچکا ہے۔وہ ڈسٹرکٹ بار کونسل دیر بالا کے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینئرو زیر عنایت اللہ خان نے نومنتخب دیربالا ڈسٹرکٹ کونسل کے عہدیداروں سے حلف لیا ۔ عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی تحریک نے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اداکیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پا کستان کو اللہ تعالیٰ نے بہترین معدنی اور انسانی وسائل سے مالا مال کررکھا ہے ۔اگر قومی وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاتا تو آج ملک کی یہ صورت حال نہ ہوتی ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہوگی اور عدلیہ مضبوط ہوگا تو لوگوں کو آسانی سے انصاف فراہم ہوگا اور یہ ملک سپر پاور بن جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں قانون و آئین کی بالادستی کے لیے بار اور بینچ مشترکہ جدوجہد کریں تو ملک بحرانوں سے نکل کر ترقی کے راہ پر گامزن ہوگا۔