پاکستان، آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ جموں وکشمیر کی آزادی اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے متفقہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں،

پاکستان اور آزادکشمیر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزم ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ان کو جدا نہیں کر سکتی صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان کا باغ بہار فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب

پیر 23 اپریل 2018 20:51

مظفر آباد،ْباغ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ جموں وکشمیر کی آزادی اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے متفقہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر نے محمد حسین خان دھرے سٹیڈیم باغ میں منعقدہ باغ بہار فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزم ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ان کو جدا نہیں کر سکتی۔ صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزادکشمیر میں ہم لوگ آزاد فضائوں میں رہ رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر ہمارے بہن بھائی گزشتہ 70سالوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ، ہر روز کشمیریوں کو بیدردی کے ساتھ قتل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان پر ظلم و تشدد کیا جا رہا ہے ۔ خواتین کی عصمت دری ، بے حرمتی اور انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہندو انتہاء پسند وں نے اپنے تشدد کے نشے اور جنون میں آٹھ سالہ آصفہ بانو کو بھی نہیں بخشا اور اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی افواج و خفیہ ایجنسیاں در پردہ جنگ کے ذریعے پاکستان اور آزادکشمیر کے علاقوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام کو اس خطے سے آزاد کرانے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز اٹھانے پر اپنے غصہ اور انتقام کے طور پر سب کچھ کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ وہ ہمارے اندر خلفشار پیدا کر کے ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچائے۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا ہے کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو رہے ہیں اسی طرح آزادکشمیر اور پاکستان میں اندرونی خلفشار اور در پردہ جنگ کے تمام بھارتی منصوبے ناکام ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بد ترین مظالم کے بعد بھارتی قابض افواج کا مقبوضہ کشمیر میں مزید تعینات رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ بھارت پر یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ پاکستان، آزادکشمیر اور تارکین وطن کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے لئے متحد و متفق ہیں۔صدر آزاد جموں وکشمیر نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے دفاع کی خاطر بالخصوص لائن آف کنٹرول پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر کے سرحدی علاقوں میں بسنے والے شہری ہمارے قومی ہیروز ہیں جو آئے دن اپنی جانوں کو ملک اور قوم کی سلامتی اور دفاع کے لئے قربان کر رہے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے ضلعی انتظامیہ اور 6 اے ۔ کے برگیڈ کی مشترکہ کاوشوں سے اس میلے کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی، جس میں گھوڑا سواری، جانوروں کی نمائش، آرمی بینڈ پرفارمنس اور مختلف کھیلوں کی نمائش کروائی گئی۔

اس میلے میں 100سے زائد سٹالز لگائے گئے تھے جن میں زراعت ، باغبانی، دستکاری جنگل کے تحفظ ، روایتی ٹیکسٹائل اور اونی لباس کے شعبہ جات کی نمائش شامل تھی۔ تقریب میں کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل ، کمانڈر 6 اے ۔ کے برگیڈ امجد اقبال ، ڈپٹی کمشنر عبد الوحید خان ، خواتین، طالب علموں ، بچوں ، تاجروں اور کثیر تعداد میں سول سوسائٹی نے بھی شرکت کی۔