لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی لیسکو کے سسٹم اپ گریڈیشن سے متعلق کام مزید تیز کرنے کی ہدایت

پیر اپریل 20:55

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہاہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران لیسکو کے ترسیلی نظام کی مظبوطی اور سسٹم کی اپ گریڈیشن سے متعلق بے شمار کام سرانجام دیئے گئے ہیں، رواں سال موسم گرما اور بالخصوص رمضان المبارک میں لیسکو اپنے صارفین کو معیاری اور بلاتعطل بجلی کی سپلائی فراہم کرئے گا،لیسکو چیف نے سسٹم اپ گریڈیشن سے متعلق کام مزید تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ شعبہ ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بہت سے ترقیاتی کام مکمل ہوئے جن میں سب سے اہم 132کے وی بچیکی-علی جج ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل ہے۔

(جاری ہے)

132کے وی بچیکی گرڈ سے 28کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن علی جج گرڈ تک مکمل کی گئی ہے جبکہ 66کے وی علی جج گرڈ کی 132کے وی پر کنورشن کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے جس کو باقاعدہ طور پر ایک سے دو یوم میں انرجائز کردیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹرجی ایس سی رفعت محبوب کی زیر نگرانی بس بارز کی تنصیب اور مختلف گرڈ اسٹیشنز پر زائد استعداد کے حامل پاور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے ۔ اس حوالے سے 132کے وی حویلی لکھا اور 132کے وی سید پور گرڈ اسٹیشن پر ڈبل سرکٹ بس بارز کی تنصیب مکمل کی گئی ہے جس کے باعث ان گرڈ اسٹیشنز سے ملحقہ علاقوںمیں اوور لوڈنگ جیسے مسائل کا مکمل خاتمہ ہوسکے گا ساتھ ہی ساتھ وولٹیج میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

دریں ازاں 132kvدیپالپور گرڈ اسٹیشن پر 20/26ایم وی اے کی جگہ 40ایم وی اے کی استعداد کے حاملT-2 پاور ٹرانسفارمر نے کام شروع کردیا ہے جس کے باعث T-1ٹرانسفارمر پر موجود لوڈ کو بیلنس کردیا گیا ہے جبکہ 132 کے وی گلشن راوی پر PT-BAY اور 132kvننکانہ اور شیخوپورہ اولڈ گرڈ اسٹیشنز پر ٹرانسفارمر بے کو بھی انرجائز کردیا گیا ہے۔