قصور میں عدلیہ مخالف مظاہرہ کرنے کے الزام میں گرفتار سترہ ملزمان پندرہ روز ہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پیر اپریل 20:55

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) لاہور کی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور میں عدلیہ مخالف مظاہرہ کرنے کے الزام میں گرفتار سترہ ملزمان کو پندرہ روز ہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسدادِ دہشت گرد ی کی خصوصی عدالت کے جج سجاد احمد نے سوموار کو کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل عبد الرؤف وٹو نے عدالت کو بتایا کہ نامزد ملزمان نے 13 اپریل کو قصور کشمیر چوک پر، احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ملزمان نے احتجاج کے دوران عدلیہ مخالف اشتعال انگیز نعرے بازی اور تقاریر کیں،ملزمان کیخلاف دو مقدمات درج ہیں، ملزمان کیخلاف ویڈیو ثبوت موجود ہیں، جبکہ17 ملزمان کے فوٹو گرامٹیک ٹیسٹ کیلیے درخواست دی ہے انسداددہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد دوبارہ سے تفتیش کی ضرورت ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کیخلاف جو ویڈیوز ہیں وہ کہاں ہیں، سرکاری وکیل نے بتایا کہ ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کیخلاف جو ایف آئی آر درج ہے اسکے مطابق سیون اے ٹی اے شامل نہیں ہوسکتی، ملزمان کے وکیل نے فوٹو گرامٹک درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جن ملزمان کو گرفتار کیا انکا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ڈی پی او آفس کا ایک ملازم بھی پکڑ لیا، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے عدلیہ مخالف اشتعال انگیز زبان استعمال کی، ملزمان بغاوت کے مرتکب بھی ہوئے ہیں ابھی مزید تفتیش جاری ہے، انہوں نے کہا کہ ملزمان فوٹو گرمٹک ٹیسٹ سے پتہ چل جائے گا کون ملوث ہے اور کون نہیں ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ملزمان سے تفتیش کیلئے 15 روز کا ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے، عدالت نے کچھ دیر کے لئے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا تاہم بعد ازاں عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا منظور کر تے ہوئے ملزمان کو پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔اور حکم دیا کہ ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔گرفتار ملزمان میں محمد یوسف، نثار احمد، غلام مرتضیٰ، شکیل احمد، فاروق حیات، صفدر علی، لیاقت علی، محمود مسیح، وسیم مسیح، اشفاق، نعیم، عمران، محمد اشفاق، کرامت، مبارک، اسرار احمد، محمد رزاق، جاوید، علی رضا، غلام یاسین ، فیاض عرف کالی، محمد الیاس، منظور علی ،محمد احمد، محمد سرور، طارق شامل ہیں۔