لاہور ہائیکورٹ نے بیک وقت بجلی بلوں اورسیلز پر ود ہو لڈنگ ٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روک دی

پیر 23 اپریل 2018 21:06

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے بیک وقت بجلی بلوں اورسیلز پرلئے جانے والے ود ہو لڈنگ ٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روک دی،عدالت نے ایف بی آرحکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 مئی کو جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے سوموار کو درخواست گذار وقاص سٹیل ملز کی درخواست پرسماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے محمد محسن ورک ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ" ود ہولڈنگ" ٹیکس بجلی کے بلوں اور سیلزدونوں پر لیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انکم ٹیکس قوانین کے مطابق ٹیکس گزارکوکچھ حقوق حاصل ہیں۔ جس کے مطابق ٹیکس گزاربجلی کے بلوں یا پرچیزمیں سے کسی ایک پر ٹیکس دینے کااستحقاق رکھتا ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں یاپرچیزمیں سے کسی ایک مد میں کٹوتی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت بجلی کے بلوں اور پرچیز دونوں پر بیک وقت ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کے اقدام کو کالعدم قراردے۔جس پر عدالت نے بیک وقت بجلی بلوں اورسیلز پرلئے جانے والے ود ہو لڈنگ ٹیکس کی وصولی تاحکم ثانی روکتے ہوئے ایف بی آرحکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 مئی کو جواب طلب کرلیا۔