عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، ڈی سی مردان

پیر 23 اپریل 2018 22:38

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنرمردان محمد عثمان محسود نے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ مردان میں جاری عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے ۔ وہ مردان میں شہر کی خوبصورتی کے منصوبے کے تحت جاری اور دیگر میگا ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے موقع پر متعلقہ حکام سے بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر ٹی ایم او مردان ، سی اینڈ ڈبلیو ہائی ویز اور نیشنل لاجسٹک سیل کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔محمد عثمان محسود نے جواد چوک اور چارسدہ روڈ فلائی اوورز ، عزی خیل ، شیخ ملتون ، پیرانو،الہ داد خیل اور کینال روڈ پارکس ، این 45 نوشہرہ روڈ کی خوبصورتی اور شیخ ملتون و طورو چوک کے راؤنڈ اباؤٹس کے زیر تعمیر کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور حکام سے ان منصوبوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ مردان صوبے کادوسرا بڑا اور اہم ضلع ہے اس کی خوبصورتی کے لیے حکومت تمام وسائل فراہم کررہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کا منصفانہ انداز میں استعمال یقینی بنایا جائے اور یہ منصوبے اس انداز میں مکمل ہوں کہ ان سے شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ان سے عوام کو زیادہ سہولیات میسر آسکیں ۔اُنہوں نے پارکس میں واکنگ ٹریکس کی تعمیر اور زیادہ تعداد میں پھولدار اور دیگردرخت و سبزہ لگانے کی بھی ہدایت کی ۔