اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو لاپتہ بچیوں کی برآمدگی کے لئے دائر درخواست پر گم شدہ بچیوں کو پیش کرنے کے کا حکم

پیر 23 اپریل 2018 22:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو لاپتہ بچیوں کی برآمدگی کے لئے دائر درخواست پر گم شدہ بچیوں کو پیش کرنے کے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو مئی تک ملتوی کر دی ہے۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پونے دو سال سے لاپتہ سمعیہ اور ادیبہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی عدالت میں پیش ہوئے ۔اس موقع پر اسلام آباد پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی ۔ایس ایس پی اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بچیوں کی تلاش میں پیش رفت ہوئی ہے، تین افراد کو شامل تفتیش کیا ہے،حیدرآباد اور آزاد کشمیر پولیس ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں،مخبر نے بچیوں کے ریڈ لائٹ ایریا میں نظر آنے کی نشاندہی کی ہے ،بچیوں کو جلد برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ کوشش نہیں رزلٹ چاہیے، ایک سابق آئی جی طاہر عالم نے بچیوں کی برآمدگی بارے عدالتی احکامات پر تنقید کی‘ کیا طاہر عالم اسلام آباد پولیس کے ترجمان ہیں،ایک سب انسپکٹر ایسا بھی ہے جو آئی جی کے تبادلے کراتا ہے،آئی جی مذکورہ سب انسپکٹر کو تبدیل نہیں کر سکتا، طاہر عالم کو توہین عدالت کا نوٹس دیں گے،گمشدہ بچیاں میری بیٹیاں ہیں، آئندہ سماعت تک بچیوں کو ہر صورت پیش کریں، آئندہ سماعت پر بچیاں پیش نہ ہوئیں تو آئی جی سمیت سارے پولیس افسران سیدھے اڈیالہ جیل بھجواؤں گا، عدالت نے کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔