کراچی پر ماضی میں وہ توجہ نہیں دی گئی جو اس کا حق تھا، بجلی بحران کے حوالے سے کے الیکٹرک نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سینئر صحافیوں اور میڈیا مالکان سے گفتگو

پیر 23 اپریل 2018 22:48

کراچی پر ماضی میں وہ توجہ نہیں دی گئی جو اس کا حق تھا، بجلی بحران کے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے پیر کو گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا مالکان اور سینئر صحافیوں نے ملاقات کی اور ملکی معاشی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کراچی پر ماضی میں وہ توجہ نہیں دی گئی جو اس کا حق تھا، بجلی بحران کے حوالے سے کے الیکٹرک نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی اور کے الیکٹرک نے دو بند پلانٹس نہیں چلائے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہری بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بلبلا رہے ہیں، میں نے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی کے شہریوں کو بجلی کی سپلائی بہتر بنانے کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا کوئی قصور نہیں، کراچی کے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے۔

(جاری ہے)

محمد شہباز شریف نے کہاکہ ہم نے پنجاب میں اپنے وسائل سے بجلی کے پلانٹس لگائے ہیں ان پلانٹس کی بجلی پورے پاکستان کو مل رہی ہے، موجودہ حکومت نے کسانوں کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کی رونقوں کو بحال کرنا ہے اس مقصد کیلئے ہم ہر ایک سے تعاون کیلئے تیار ہیں،کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ مکمل کرکے بسیں چلانی چاہیئے تھیں، ہم سب نے پاکستان کا سوچنا ہے اورپاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سب کو اتفاق رائے سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ایجنڈا سب سے مقدم ہے، ہم نے پاکستان کو پاکستانی بن کر ہی آگے لے کر جانا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ یہ وقت اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے، میری تجویز ہے کہ آئندہ جو بھی وفاقی حکومت ہو وہ کراچی کی ترقی اورخوشحالی کیلئے فنڈز مختص کرے، یہ فنڈز بہترطریقے سے استعمال کئے جائیں تاکہ کراچی صحیح معنوں میں ترقی کر سکے۔