وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ق) کے وفد کی ملاقات، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

پیر اپریل 22:48

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ق) کے وفد کی ملاقات، مسلم ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے گورنر ہائوس کراچی میں مسلم لیگ (ق) سندھ کے 30 رکنی وفد نے صوبائی جنرل سیکریٹری مطیع الرحمن کی قیادت میں ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں نے شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کراچی باالخصوص سندھ کے مسائل میں دلچسپی اور انہیں حل کرنے کے لئے عملی اقدامات پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنی خدمت کی سیاست کی وجہ سے ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالاہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہاکہ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے اٹھ رہا ہے ہم مل کر کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ کو بہتر بنائیں گے۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ محمد شہباز شریف کا ترقیاتی ویژن بے مثال ہے اور ہم اس سے متاثر ہو کر اس جدوجہد میں شریک ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے وفد میں مہدی حسین شاہ صدر ریلوے یونین، عبدالغفور صدر سوئی سدرن یونین، طارق آرائیں صدر پی ٹی سی ایل یونین، مختلف یونین کونسلوں کے صدور، احمد حسین، آصف قریشی اور دیگر شامل تھے۔