ضلع کے 15سپیشل ایجوکیشن سنٹرز پر خصوصی بچوں کے طبی معائنے کے لئے ہیلتھ سکریننگ کا عمل مکمل

پیر اپریل 23:11

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام ضلع کے 15سپیشل ایجوکیشن سنٹرز پر خصوصی بچوں کے طبی معائنے کے لئے ہیلتھ سکریننگ کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ایک ماہ جاری رہنے والے کیمپس کے دوران اداروں میں زیر تربیت 2ہزار سے زائد بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کی گئی اورمختلف کائونٹرز پران کی رجسٹریشن،فزیکل پیرا میٹر کا معائنہ،لیبارٹری ٹیسٹ(سیرالوجیکل/ہیماٹولوجیکل)،ویکسینیشن،ڈاکٹرز سے مشاورت اور تجاویز کے علاوہ سپیچ تھراپی،فزیوتھراپی اور ماہر سماعت سے چیک اپ کی سہولت بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد نے سکریننگ کیمپ کے اختتامی روز مسلم ٹائون سرگودھا روڈ پر گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا دورہ کرکے بچوں کے ہیپاٹائٹس بی سی،ملیریا ٹیسٹ،قد،وزن کی جانچ پڑتال اور دیگر ٹیسٹ کے عمل کاجائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر خصوصی بچوں کے ہیلتھ سکریننگ کے اس اہم ٹاسک کو خوش اسلوبی سے مکمل کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے اداروں میں ہیلتھ سکریننگ کیمپس کے انعقاد کا مقصد مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کا علاج اورغذائی کمی کے شکار بچوں کے والدین کو مفید مشورے دینا تھا۔

متعلقہ عنوان :