حکومت پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ، عوامی خدمت کے میدان میں ایسی شاندار کارکردگی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں

پیر 23 اپریل 2018 23:11

حکومت پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ، ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شہری ترقی کے میگا پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ نچلی سطح پر شہریوں کو وسیع بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور عوامی خدمت کے میدان میں اس شاندار کارکردگی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے یہ بات سدھار کے قریب چوہدری کاشف گجر کے ڈیرے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے اس مشن کی تکمیل کے لئے شفاف انداز میں ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی سازشوں کے باوجود ترقی کی رفتار میں کمی نہیں آنے دی اور عوامی خدمت میں رکاوٹ پیداکرنے والوں کابڑی حکمت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے تاکہ تعمیر و ترقی کا عمل رکنے نہ پائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ جنرل الیکشن میں ترقیاتی کارکردگی اور عوامی خدمت کا اعلی معیار لے کرمیدان میں اتریں گے اور انتخابی مقابلے میں مخالفین کو خفت کے سوا کچھ نہیں ملے گاکیونکہ ان کے پاس انتشار کے سوا عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام سے رابطے کو مزید مضبوط بنائیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں کیونکہ ترقیاتی کارکردگی میں وہ ہر سطح پر سرخرو ہیں ۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کے سلسلے میں صوبائی وزیر قانون کی بہترین کارکردگی کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے مرد مجاہد کی طرح سیاسی مخالفین کا مقابلہ کرکے پارٹی پرچم کو بلند رکھا ہے ،یہی وجہ انہیں آئندہ الیکشن میں بھی بے حد پذیرائی ملے گی کیونکہ عوام ان سے گہری محبت رکھتے ہیں ۔اس موقع پر میاں آصف اسلم ‘ حاجی عبدالسلام ‘ رانا شوکت علی ‘ عبدالرزاق باجوہ ‘ میاں عامر حنیف و دیگر موجود تھے ۔