ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں،مہر خالد احمد

پیر 23 اپریل 2018 23:24

رحیم یار خان۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں، محکمہ انہار دریائی پشتوں اور نہروں کی مضبوطی کے لئے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرے جبکہ تمام اہم مقامات پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے قبل از وقت اپنا پلان تیار رکھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالروف مہر، احمد رضا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار، سی ای او ایجوکیشن ملک مختار احمد، ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان، ایس ای انہار سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) نے پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کے سیلاب سے متاثرہ ہونے والے مواضعات کا ڈیٹا متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریسکیو1122کے ساتھ شیئرکریں جبکہ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سیلاب متاثرین کیلئے بنائے جانے والے ریلیف کیمپوں کا متاثرہ علاقوں سے فاصلہ اور دستیاب سہولیات بارے تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکموں سے امدادی مشینری کی درستگی سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں تمام امدادی کاموں سے متعلقہ امور کی نگرانی کریں۔انہوں نے ڈی او سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں موجود این جی اوز کا ڈیٹا مرتب کرکے ان سے میٹنگ کریں اور این جی اوز کے پاس دستیاب وسائل وسہولیات بارے معلومات فراہم کریں۔

انہوں نے ایم اینڈ آر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ امدادی مشینری دریائی پشتوں پر منتقل کرنے والی تمام شاہرات کی مرمت کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں ایکسین ایم اینڈ آر ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کو اپنے اقدامات بارے بریفنگ دیں۔اجلاس میں انچارج ریسکیو1122ڈاکٹر عبدالستار، ایکسین انہار، سی ای او ایجوکیشن نے اپنے محکمانہ اقدامات بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :