وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی چین کے وزیر خارجہ و سٹیٹ کونسلر وانگ ژی سے ملاقات،پرتپاک استقبال پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا،چین پاکستان اور افغانستان کے وزراء خارجہ کے ٹرائی لیٹرل میکنزم سے افغانستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوگا،خواجہ آصف ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی روشنی ڈالی

پیر 23 اپریل 2018 23:47

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی چین کے وزیر خارجہ و سٹیٹ کونسلر وانگ ژی ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور چین کے وزیر خارجہ و سٹیٹ کونسلر وانگ ژی کے درمیان گزشتہ روز 23 اپریل کو بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او ) کے اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے دورہ پر ہیں۔ ایس سی او میں پاکستان کی رکنیت کے بعد پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کر رہا ہے۔

پیر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر اپنے ہم منصب وانگ ژی کا شکریہ ادا کیا۔ دوطرفہ ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ایس سی او کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

یہ تنظیم خطہ میں علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی 2017-18 کی چیئرمین شپ کے لئے چین کو پاکستان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جون 2018ء میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اس تنظیم کے دیگر قائدین کے ساتھ مفید ملاقاتوں کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے وزراء خارجہ کے ٹرائی لیٹرل میکنزم سے افغانستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک پارٹنر کے ساتھ ساتھ بہترین دوست بھی ہیں۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے متحرک کردار کو سراہا۔