غزہ پٹی میں دھماکہ سے فلسطینی کسان جاں بحق

منگل 24 اپریل 2018 09:40

غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ پٹی کے شمال میں واقع قصبے بیت لاہیا میں دھماکہ کے نتیجے میں ایک 55 سالہ فلسطینی کسان محمد نمر المقادمہ جاں بحق ہو گیا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق فوری طور پر دھماکے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہو گئے جن میں ایک محمد نمر کا بیٹا ہے جس کے سر میں چوٹ آئی۔

اس کے علاوہ ایک اور فلسطینی کسان بھی زخمی ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکا زرعی اراضی میں ہوا جو المقادمہ خاندان کی ملکیت ہے۔ یہ زمین غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد سے چند سو میٹر کی دٴْوری پر ہے۔فلسطینی سکیورٹی ذرائع کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ نے دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔