کینیڈا، 25 سالہ ایلک میناسیان نے جان بوجھ کر وین لوگوں پر چڑھائی، 10 افراد ہلاک

منگل 24 اپریل 2018 09:40

ٹورنٹو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ڈرائیور نے اپنی وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس حکام نے وین ڈرائیور کوحراست میں لیا ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا ڈرائیور 25 سالہ ایلک میناسیان ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ایلک کی جانب سے یہ اقدام بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر سب وے سروس کو بھی روک دیا گیا ہے۔ کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے ۔ٹورانٹو پولیس کے سربراہ نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش میں کافی وقت لگے گا اور انھوں نے عینی شاہدین سے سے استدعا کی کہ وہ تفتیش میں مدد کریں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر وین اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔