کینیڈا: ٹورنٹو کے مصروف ایریا ینگ سٹریٹ پر 25سالہ نوجوان نے راہگیروں پر وین چڑھا دی 15 افراد موقع پر ہلاک‘ 25سے زائد زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اپریل 2018 09:47

کینیڈا: ٹورنٹو کے مصروف ایریا ینگ سٹریٹ پر 25سالہ نوجوان نے راہگیروں ..
 ٹورنٹو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اپریل۔2018ء) کینیڈا کے بڑے شہر ٹورنٹو کے مصروف ایریا ینگ سٹریٹ پر ایک25سالہ نوجوان نے راہگیروں پر اپنی وین چڑھا دی جس سے15 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ 25سے زائد زخمی ہیں- ٹورونٹو میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے اپنی وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا ۔پولیس حکام نے وین ڈرائیور کوحراست میں لیا ہے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا ڈرائیور 25 سالہ ایلک میناسیان ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایلک کی جانب سے یہ اقدام بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر سب وے سروس کو بھی روک دیا گیا ہے۔کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا؟ٹورونٹو پولیس کے سربراہ نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش میں کافی وقت لگے گا اور انھوں نے عینی شاہدین سے سے استدعا کی کہ وہ تفتیش میں مدد کریں۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر وین اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ڈرائیور کو حراست میں لیے جانے کے وقت ایک راہ گیر نے ویڈیو بنائی اور اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایلک کے ہاتھ میں ایک شے ہے اور پولیس اہلکار اونچی آواز میں ایلک کو زمین پر بیٹھنے کو کہہ رہے ہیں۔جائہ وقوعہ سے کچھ فاصلے پر ویڈیو کی دکان کے مالک رضا ہاشمی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان کو سڑک پر چیخوں کی آواز آئی ایک سفید وین بار بار فٹ پاتھ پر چڑھی اور لوگوں کو روندڈالا۔

ایک اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نارنجی رنگ کا ایک بیگ ایمبولینس میں رکھا جا رہا ہے جوکہ لاشوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ٹورونٹو کے رہائشی ہینری ملر اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ انھوں نے بتایا سڑک پر 60 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر ایک سفید وین آئی‘ وین گھومی اور راہگیروں پر چڑھ گئی ہے۔ واقعے کے بعدینگ اور فِنچ انٹرسیکشن کو نقل و حمل کے لیے بند کردیا جبکہ ٹورنٹو کی ٹرانزٹ ایجنسی نے کہا کہ اس نے علاقے سے گزرنے والی سَب وے لائن عارضی طور پر معطل کردی ہے۔

ٹورنٹو پولیس کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ کینیڈین نشریاتی ادارے (سی بی سی)کے مطابق ڈرائیور کا تعلق کسی دہشت گردی تنظیم سے نہیں، ملزم نےخود کو سینیکا کالج کا طالب علم اور اونٹاریو کے علاقے رچمنڈہل کا رہائشی بتایا ہے۔ واضح رہے کہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب جی سیون ممالک کے وزراءجون میں جی سیون اجلاس سے قبل مختلف بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے ٹورنٹو میں جمع ہیں۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹورنٹو میں وین سے کچل کر ہلاکتوں کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو کی پولیس اور دیگر نے بغیر کسی جھجھک کے خطرے کا سامنا کیا،مشکل کی اس گھڑی میں اپنی جاں بازی اور پیشہ ورانہ مہارت سے مزید لوگوں کو محفوظ رکھنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کے جلد صحت ہونے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کینیڈا: ٹورنٹو کے مصروف ایریا ینگ سٹریٹ پر 25سالہ نوجوان نے راہگیروں ..